ادرک کے طبی فوائد جن سے آپ صدیوں سے ناواقف تھے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برصغیر میں تقریباً 4 ہزار سالوں سے کھانا پکانے میں استعمال ہونے والی ادرک جہاں کھانے کا مزہ دوبالا کرتی ہے وہیں یہ صحت بخش بھی ہے . یہی وجہ ہے کہ گزشتہ 2 ہزار سالوں سے اسے چین میں جڑی بوٹی کے طور پر علاج کے لئے استعمال کیا جاتا ہے .

نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے کے علاوہ بھی اس کے کئی دیگر اہم طبی فوائد ہیں جن سے کئی لوگ صدیوں بعد بھی ناواقف ہیں .
اس کے فوائد کو دیکھتے ہوئے اسے جنوبی مشرقی ایشیا کے بعد اب دنیا کے دیگر علاقوں میں بھی کاشت کیا جارہا ہے، ان فوائد میں سے چند درج ذیل ہیں .
سوزش میں آرام
غذائی ماہرین کے مطابق ادرک میں پائے جانے والے رس میں ایک تیکھا جُز پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے اس میں انسداد سوزش کی خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو گلے کی سوزش سے بچانے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہی وجہ ہے کہ نزلہ، زکام اور سر درد سے بچنے کے لیے اسے چائے میں مکس کرکے استعمال کیا جاتا ہے .
آپ کو جان کر حیرانی ہوگی کہ صرف گلے کی سوزش میں ہی نہیں بلکہ پٹھوں اور جوڑوں کے درد میں بھی یہ آرامدہ ہے، ادرک میں اینٹی اینفلامیٹری خُوبیاں بھی شامل ہیں، پٹھوں یا جوڑوں کے درد کے لیے ادرک کی چائے اس درد سے نجات دلا سکتی ہے، ادرک کے پانی سے پٹھوں اور جوڑوں کی ٹکور بھی کی جا سکتی ہے .
پیٹ میں گیس کا خاتمہ
اگر آپ کو پیٹ میں اکثر گیس کی شکایت رہتی ہے تو ادرک اس مسئلے کے حل میں فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے . طبی ماہرین کے مطابق یہ آنتوں میں گیس کو کم کرتی ہے، اس کے لیے اپنی غذا میں اس کی کچھ مقدار چھڑک کر استعمال کریں .
کینسر کو بڑھنے سے روکے
کچھ تحقیقی رپورٹس کے مطابق ادرک میں موجود بائیو ایکٹیو مالیکیولز سے کچھ اقسام کے کینسر جیسے جگر، جلد، بریسٹ اور مثانے کے کینسر کے پھیلنے کی رفتار سست کرنے میں مدد مل سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے .
ادرک کا پانی:
صرف ادرک ہی نہیں بلکہ اس کا پانی بھی نہایت مفید ہے، اگر اس کے پانی کو صبح نہار منہ استعمال کیا جائے تو یہ موٹاپے کے خاتمے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے .
ادرک پانی بنانے کا طریقہ:
تھوڑی مقدار ادرک کے ٹکڑے، ڈیڑھ لیٹر پانی اور ایک لیموں لیں . پانی کو ابلنے کیلئے چولہے پر رکھیں، جب پانی ابلنے لگے تواس میں ادرک کے ٹکڑے ڈال دیں اور 15سے 20منٹ تک ہلکی آنچ پر اسے ابلنے دیں . پانی ابالنے کے بعد اسے ٹھنڈا کریں اور لیموں شامل کرکے پئیں، طبی ماہرین کہتے ہیں اگر یہ نسخہ صبح نہار منہ استعمال کیا جائے تو زیادہ فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں .
ماہرین کا کہنا ہے کہ ادرک پانی کے بہترین نتائج حاصل کرنے کیلئے ایک گلاس صبح ناشتے سے پہلے اور ایک گلاس رات کے کھانے سے پہلے ضرور پیا جائے .
واضح رہے کہ ادرک کا استعمال کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں روزانہ کی بنیاد پر 4 گرام سے کم جبکہ جبکہ حاملہ خواتین روزانہ 1 گرام تک ادراک کا استعمال کریں اور اگر کسی کو تیزابیت کی شکایت رہتی ہے تو وہ ادرک کے باقاعدگی سے استعمال سے قبل ڈاکٹر سے رجوع کرے اور اس کی کم سے کم مقدار استعمال کرے .

. .

متعلقہ خبریں