بھارتی اقدامات علاقائی سلامتی کے لیے مستقل خطرہ ہیں، آئی ایس پی آر
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات علاقائی سلامتی کے لیے مستقل خطرہ بن چکے ہیںپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مسلح افواج اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتی ہیں۔
بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں غیر انسانی فوجی لاک ڈاؤن کا تسلسل، مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے بھارتی حربے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مستقل طور پر انسانی حقوق کی سنگین ور منظم خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اس طرح کے اقدامات اور بھارتی حکومت کا جنگی جنون مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران کو بڑھاوا دے رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اقدامات علاقائی سلامتی کے لیے ایک مستقل خطرہ بن چکے ہیں۔ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے تنازع کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہو چکا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج شہدا کو ان کی عظیم قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہیں۔ پاک فوج ظلم اور غیر قانونی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی بے مثال جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی بنیادوں پر مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔