جس جج پر اعتراض تھا، ہائیکورٹ نے وہیں بھیج دیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ میں اپیل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کی سماعت کے سلسلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔سپریم کورٹ میں 4 اگست کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ عجلت میں دیا، عدالت سے استدعا ہے کہ توشہ خانہ ٹرائل کی کارروائی معطل کرے اور توشہ خانہ کیس ٹرائل چلانے والے جج کے علاوہ کسی دوسرے جج کے پاس بھیجا جائے۔
اپیل میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس اُسی جج کی طرف بھیجا جس پر ہمارا اعتراض ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جس انداز میں فیصلہ دیا، اس سے درخواست گزار کے بنیادی انسانی حقوق کی نفی ہوئی۔ ہائی کورٹ نے ٹرانسفر کی درخواست کے میرٹ اور جج کی جانبداری پر دلائل نہیں سنے۔
درخواست کے مطابق ہائی کورٹ نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے جج نے درخواست گزار کو درست انداز میں نہیں سنا، ہائی کورٹ کی اس آبزرویشن سے ٹرائل کورٹ کے جج کی جانبداری ثابت ہوتی ہے، اس لیے کیس کو کسی دوسرے جج کے سامنے بھیجا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دیے جانے کا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے جج ہمایوں دلاور کو دوبارہ سماعت کا حکم دیا تھا۔