چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر دکھ ہوا، امید ہے اعلیٰ عدلیہ سے انصاف ملے گا: شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری اور اُن کو اٹک جیل منتقل کرنے پر مجھے انتہائی دکھ اور افسوس ہوا جس کی پُرزور مذمت کرتا ہوں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ (ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو فیئر ٹرائل کا حق ملنا چاہئے تھا، امید ہے سابق وزیراعظم کو ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا اور انہیں جلد رہائی ملے گی۔


انہوں نے کہا کہ ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے اور الیکشن ہی مسائل کا واحد حل ہے، نفرتیں کم ہونی چاہئیں تاکہ صاف اور شفاف الیکشن ہو سکیں، چار دن کی حکومت حالات کو مزید سنگین اور گھمبیر نہ بنا دے۔
سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں مرے ہوئے ہیں، حالات مزید بد سے بد تر ہوتے جا رہے ہیں۔