وزیر اطلاعات کا پیمرا ترمیمی بل 2023ء واپس لینے کا اعلان


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پیمرا (ترمیمی) بل 2023ء واپس لینے کا اعلان کردیا۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس کنوینیر فوزیہ ارشد کی صدارت منعقد ہوا جس میں وزیر اطلاعات نے یہ بل واپس لینے کا اعلان کیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پیمرا کے پرانے سیاہ قانون کو ختم کرنا چاہتے تھے، مخلصانہ سوچ اور بڑی محنت سے یہ بل تیار کیا تھا تاہم بعض شقوں کے حوالے سے سامنے آنے والے تحفظات کا احترام کرتے ہیں اور ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے جس سے یہ تاثر پیدا ہو کہ ہمیں میڈیا کی آزادی عزیز نہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ میڈیا کی نمائندہ تنظیمیں اور تمام اسٹیک ہولڈرز پہلے دن سے مشاورت اور بل کی تیاری کا حصہ رہے، پہلے دن سے یہی کہا تھا کہ متفقہ طور پر ہی بل منظور کرائیں گے، بل میں ادھر چھوڑ کر جا رہی ہوں جو حکومت بھی آئے گی وہ بل پر بحث کرلے۔
اجلاس میں شریک افراد نے کھڑے ہو کر بل کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ صدر اے پی این ایس سرمد علی نے کہا کہ بل کی ایک ایک شق پر مشاورت ہوئی، ہم اس بل کی حمایت کرتے ہیں۔ میر ابراہیم نے کہا کہ پیمرا (ترمیمی) بل 2023ء صحافیوں کے لئے اہم بل ہے اسے کسی طور بھی نہیں روکنا چاہیے۔ افضل بٹ نے کہا کہ مالکان صحافیوں کو تنخواہیں ادا نہیں کرتے، یہ بل صحافیوں کی سپورٹ کے لیے ہے اسے واپس نہ لیا جائے۔