سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی کیخلاف اینٹی کرپشن کا شکنجہ تیار


لاہور(قدرت روزنامہ)اینٹی کرپشن نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نائب تحصیلدار نجف حمید خان کے خلاف نیا شکنجہ تیار کرلیا۔اراضی کے انتقالات کی فیسوں میں خورد برد کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے نجف حمید کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نجف حمید کی تعیناتی کے دوران چکوال کے 5 موضع جات میں کروڑوں روپے مالیت کی اراضی کے 60 سے زائد انتقالات کی فیسوں میں بے ضابطگیوں کے شواہد مل گئے۔
اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق چکوال کے 9 موضع جات میں نائب تحصیلدار نجف حمید کی تعیناتی کے دوران ہونے والےتمام انتقالات کی فیسوں کا آڈٹ شروع کردیاگیا ہے۔ جون 2021 سےفروری 2023 تک نجف حمید کی تعیناتی کے دوران ہونے والے تمام انتقالات کی چھان بین جاری ہے۔ اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی ٹیم کو اشٹام ڈیوٹی،رجسٹری فیسوں اور ودہولڈنگ ٹیکس کٹوتیوں میں ہونے والی خورد برد کے شواہد مل گئے۔
اینٹی کرپشن کی ابتدائی اسکروٹنی کے دوران 60 سے زائد انتقالات کی فیسوں کے چالان ریکارڈ میں موجود نہیں تھے۔ اینٹی کرپشن کی اسکروٹنی کے دوران 5 موضع جات کے پٹوار خانوں میں انتقالات کی فیسوں میں بے ضابطگیاں پکڑی گئیں۔
اینٹی کرپشن کی اسکروٹنی کے دوران 5 موضع جات میں خورد برد سامنے آنے پر تمام انتقالات کا ازسرنو آڈٹ شروع کردیا گیا۔ اینٹی کرپشن کی چھان بین کے بعد 18 سے 21 جولائی تک 5 پٹواریوں نے خورد برد کی گئی فیسوں میں سے20 لاکھ روپے جمع کروادیے۔