بندوق، گالی اور بدتمیزی مسلم لیگ (ن) کا کلچر نہیں: مریم نواز


لاہور(قدرت روزنامہ) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیر صدارت مسلم یوتھ فیڈریشن کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، مریم نواز نے عہدیداروں کے 5 گھنٹے تک تفصیلی انٹرویو کیے۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، لیپ ٹاپ اور ڈگریاں دینے کی متمنی ہے، بندوق، گالی اور بد تمیزی (ن) لیگ کا کلچر نہیں ہے، جو طلبہ زیر تعلیم ہیں ان کو زیادہ سے زیادہ پارٹی کے ساتھ منسلک کریں۔
مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر نے کہا کہ طلبہ کو پارٹی میں نمایاں جگہ دی جائے، پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، سب سے بڑی پارٹی ہونے کے ناطے مسلم لیگ (ن) پر لازم ہے کہ وہ نوجوانوں کی بہتری اور اچھے مستقبل کیلئے فیصلے کرے۔
مریم نواز نے مزید کہا پاکستان کی سیاست میں نوجوانوں کا رول بہت اہم ہے، مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے، نواز شریف کی قیادت میں سب سے پہلے طلبہ کو لیپ ٹاپ اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کیلئے اربوں روپے کے قرضے دیئے گئے۔