وفاقی سرکاری ملازمین کے ڈیلی،سفری الاؤنس میں 50 فیصد تک اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزارت خزانہ نے سرکاری ملازمین کے سفری اور ڈیلی الاؤنس میں اضافہ کردیا۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ ایک سے 22 تک کے ملازمین کے سفری اور ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جس پر عملدرآمد رواں سال یکم جولائی سے ہی ہو گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 22 کے افسر کا ڈیلی الاؤنس 7200، گریڈ 21 کا 6 ہزار، گریڈ 20 اور 19 کا 4920، گریڈ 18اور 17کا 3840، گریڈ 16 سے 12 کا 2160 جبکہ گریڈ 11 سے 5 کے ملازم کا ڈیلی الاؤنس 1320 روپے ہو گا۔
سرکاری ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ الاؤنس میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق ٹرانسپورٹ الاؤنس میں کار کے لیے 7.50 روپے اور موٹر سائیکل کے لیے 3.75 روپے فی کلو میٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ذاتی کار کے استعمال کی صورت میں سفری الاؤنس 15 روپے اور موٹرسائیکل کے استعمال کی صورت میں 6 روپے فی کلومیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرانسپورٹ اور ڈیلی الاؤنس بڑے شہروں کے لیے نافذ العمل ہو گا۔