پاکستان

سینیٹ میں پیمرا ترمیمی آرڈیننس 2023 منظور


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سینیٹ نے پیمرا ترمیمی آرڈیننس 2023 منظور کرلیا۔چئیرمن سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان الیکٹرک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ترمیمی آرڈننس 2023 پیش کیا۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ ہم بل کی حمایت کرتے ہیں، اسے رد نہیں ہونا چاہیے۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ کل صحافیوں کا 40 رکنی وفد وزیراعظم سے ملا، جس میں میڈیا مالکان بھی موجود تھے، وفد نے وزیراعظم کو کہا کہ یہ صحافیوں کی فلاح کا بل ہے، اسے منظور کیا جائے، بل کو ترامیم کے بعد واپس قومی اسمبلی جانا ہے لہذا اسے منظور کر لیا جائے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ جتنی بھی صحافیوں کی تنظیمیں ہیں انکو اعتماد میں لینا چاہیے، اب ممبران بھی ایوان سے خفیہ چیزیں رکھ کر قراداد ایوان میں لارہے ہیں، آج بھی کاغذ کا پلندہ ہے اور نہیں معلوم کیا کہاں سے آرہا ہے۔
طاہر بزنجو نے کہا کہ سیاست دانوں کی طرح صحافتی تنظیمیں میں آپس میں تقسیم ہیں۔بل کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے واک آؤٹ کیا۔ رضا ربانی اور طاہر بزنجو بھی ایوان سے باہر چلے گئے۔ایوان بالا نے پیمرا ترمیمی بل 2023 متفقہ طور پر منظور کرلیا۔

متعلقہ خبریں