کہوٹہ: لینڈ روور گہری کھائی میں گرنے سے 2 خواتین جاں بحق، 11 افراد شدید زخمی


کہوٹہ(قدرت روزنامہ) تھانہ کہوٹہ کے علاقہ چھترانہ میں لینڈ روور گاڑی گہری کھائی میں گرنے سے 2 خواتین جاں بحق اور 4 بچوں سمیت 11 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد جائے حادثہ پر پہنچ گئے، مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو کھائی سے نکال کر بنیادی مرکز صحت بیور پہنچایا جہاں ڈاکٹر اور عملہ نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو علاج معالجہ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی افراد نے زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کہوٹہ منتقل کر دیا، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور امدادی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر روانہ ہوگئیں، 4 بچوں، 3 خواتیں سمیت 11 زخمیوں کا ٹی ایچ کیو ہسپتال میں علاج معالجہ جاری ہے، پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔