آئی سی سی ورلڈکپ، پاکستان انگلینڈ میچ کی میزبانی کرنے والے بھارتی اسٹیڈیم میں آگ لگ گئی


کولکتہ(قدرت روزنامہ)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان انگلینڈ میچ کی میزبانی کرنے والے بھارتی اسٹیڈیم میں آگ لگ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق رواں سال ورلڈکپ میچز کی میزبانی کرنے والے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کے دوران آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ آگ کھلاڑیوں کے ڈریسنگ روم میں لگی جس سے کھلاڑیوں کی کِٹس اور دیگر سامان جل کر راکھ ہوگیا۔خیال رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے شیڈول کے مطابق ایڈن گارڈنز کولکتہ میں ورلڈ کپ کے سیمی فائنل سمیت 5 میچز کھیلے جانے ہیں۔ ان میچز میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دو میچز بھی شامل ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم ایڈن گارڈنز میں اپنا پہلا میچ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف جبکہ 11 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ سیمی فائنل میں پہنچنے کی صورت میں بھی پاکستان کا میچ کولکتہ میں ہی ہونے کا امکان ہے۔یہ بھی ذہن میں رہے کہ گزشتہ دنوں آئی سی سی حکام نے ایڈن گارڈنز کولکتہ کا دورہ کیا تھا۔