انضمام الحق نے شان مسعود اور زمان خان کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کی وجہ بتادی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)انضمام الحق نے ایشیاکپ 2023 اور افغانستان کے خلاف سیریز میں شان مسعود اور زمان خان کو شامل نہ کرنے کی وجہ بتادی ہے۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایشیاکپ 2023 اور افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انضمام الحق نے ایشیاکپ 2023 اور افغانستان کے خلاف سیریز میں شان مسعود اور زمان خان کو شامل نہ کرنے کی وجہ بتادی ہے۔ے انضام الحق کا کہنا تھا کہ ذکاء اشرف کا شکریہ جنہوں نے مجھے دوبارہ ذمہ داری دی، سعود شکیل افغانستان کے خلاف سیریز کا حصہ ہوں گے اور اگر ضرورت پڑی تو انہیں ایشیاکپ کے لیے بھی بلایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فہیم اشرف کو آل راؤنڈر ہونے کی بنیاد پر ترجیح دی گئی ہے جب کہ سعود شکیل اور عبداللہ شفیق نے اچھی پرفارمنس بھی دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شان مسعود کی پرفارمنس ابھی اس لیول کی نہیں تھی جس کی وجہ سے انہیں اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا جب کہ زمان خان نے وائٹ بال میں اچھی پرفارمنس دی ہے مگر انہیں ون ڈے میچز کا تجربہ نہیں ہے۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ زمان خان ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرکے آئیں گے تو ضرور انہیں شامل کرنے کا سوچیں گے۔انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میں مکی آرتھر کے ساتھ پہلے بھی کام کرچکا ہوں، مجھے دوبارہ غیر ملکی کوچز کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے گی، تھوڑے دنوں میں ورلڈکپ کے اسکواڈ کا اعلان بھی کریں گے اور اگر میں ٹیم کے ساتھ موجود ہوں گا تو پلیئنگ الیون پر مشورہ دوں گا۔چیف سلیکٹر کہتے ہیں بابر اعظم اچھی کپتانی کررہے ہیں، جب سلیکشن ملی تھی تو سرفراز احمد تینوں فارمیٹس کے کپتان نہیں تھے۔ میرا ماننا ہے کہ اگر کپتان تینوں فارمیٹس کھیلتا ہے تو انہیں تمام فارمیٹس میں کپتانی کرنے چاہیے۔
انضمام الحق کا قومی ٹیم میں کمزوریوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا مڈل آرڈر پوری طرح پرفارم نہیں کرسکا، مڈل آرڈر میں کمی ہے جب کہ ہم مڈل آرڈرز کے ساتھ آل راؤنڈرز بھی ڈھونڈ رہے ہیں اور اس پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے افغانستان کے خلاف سیریز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی ٹیم کو لائٹ نہیں لے رہے ہیں، افغانستان ایک مضبوط اور مکمل ٹیم ہے جو کسی بھی ٹیم کے ساتھ فائٹ کرتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر کسی کھلاڑی کو ریسٹ دینے کی ضرورت پڑی تو ضرور ریسٹ دیں گے۔ عبداللہ شفیق فارم میں ہیں، پی ایس ایل اور ابھی سری لنکا کے خلاف بھی انہوں نے پرفارمنس دی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعود شکیل اور عبداللہ شفیق آئے دن اپنی پرفارمنس میں بہتری لارہے ہیں، جو نوجوان کھلاڑی پرفارم کررہے ہیں انہیں موقع دینا چاہیے۔