جعلی ٹوئٹس سے انور مقصود کی جان کو خطرہ؛ صاحبزادے کا انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف دانشور اور مزاح نگار انور مقصود کے صاحبزادے بلال مقصود نے انکشاف کیا ہے کہ جعلی ٹوئٹس سے ان کے والد کی جان کو خطرہ ہے۔ حال ہی میں معروف دانشور اور مزاح نگار انور مقصود کے صاحبزادے بلال مقصود کی جانب سے ٹوئٹر اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ انور مقصود نامی جعلی اکاؤنٹ سے کی گئی جعلی ٹوئٹس ان کے والد کی زندگی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔
شیئر کی گئی تصویر میں سے ایک انور مقصود نامی جعلی اکاؤنٹ سے بلال مقصود کو بلاک کیے جانے کی ہے جب کہ دوسری تصویر اسی اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ کی ہے ۔
جس میں ایک شخص کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کی گئی کہ ان صاحب نے ابھی واٹس ایپ کال کی اور دھمکی دی کہ اگر چیئر مین پی ٹی آئی کے حق میں کوئی ٹوئٹ کی تو آپ کا جنازہ اٹھے گا۔

بلال مقصود نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ اس قسم کی ٹوئٹس میرے والد کی زندگی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں ، یہ شخص مجھے پہلے ہی بلاک کرچکا ہے، آپ سب سے بھی اس اکاؤنٹ کو رپورٹ کرنے کی درخواست ہے، ابو سوشل میڈیا پر پوسٹ نہیں کرتے، ان کے اپنے اکاؤنٹ پر صرف 3 پوسٹ موجود ہیں۔