وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت، آج فیصلہ نہ ہوسکا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف (اپوزیشن لیڈر) راجا ریاض کے درمیان نگراں وزیراعظم کے نام پر مشاورت ہوئی تاہم حتمی نام پر اتفاق نہ ہوسکا جسے کے بعد اب کل دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو خط لکھ کر مشاورت کے لیے مدعو کیا تھا جس کے وہ وزیراعظم سے ملنے پہنچے۔ دونوں نے ایک دوسرے کے سامنے تین تین نام رکھے ہیں جن پر مشاورت ہوئی۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے نگران وزیر اعظم کے لیے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی اور سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کا نام تجویز کیا ہے جبکہ دیگر ناموں میں صادق سنجرانی، حفیظ شیخ، میاں محمد سومرو، فواد حسن فواد شامل ہیں۔
اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد نگراں وزیراعظم کا نام فائنل کرنے کے لیے 3 دن کا وقت ہے۔ تین دن میں نام فائنل نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس چلا جائے گا۔ ملک میں عبوری حکومت کا انتظام دیکھنے کے لیے نگران وزیراعظم کے تقرر پر مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔
اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم کے معاملے پر کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، پوری کوشش ہوگی وزیراعظم کے ساتھ نگران کا نام فائنل کرلیں۔دوسری جانب سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار بن گئے۔ ذرائع کے مطابق جلیل عباس جیلانی کے بارے میں قیاس آرائیاں ہیں کہ ان کا نام نگراں وزیراعظم کے لیے منظور کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس جائیں گے۔ وہ اس وقت نگراں وزیراعظم کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیرِ اعظم نے آئین کی روشنی میں قائد حزب اختلاف کو نگران وزیرِ اعظم کی تقرری کیلئے مشاورت کے حوالے سے مدعو کیا، نگران وزیرِ اعظم کے ناموں پر مشاورت کا پہلا دور خوشگوار ماحول میں ہوا، یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی معاملے پر مزید سوچ و بچار کے بعد کل 11 اگست کو اس ضمن میں دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے کہا کہ آج وزیراعظم سے خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی جس میں نگراں وزیر اعظم کے لیے نام پر بات چیت کی گئی، آج مشاورت کی پہلی نشست تھی، میں نے آج نام دیے ہیں اور وزیراعظم نے بھی نام دیے ہیں، ہماری ایک گھنٹہ مشاورت ہوئی، میں نے وزیراعظم سے کہا آپ میرے ناموں پر غور کرلیں میں آپ کے ناموں پر غور کرلوں گا کل ناموں پر غور کیلئے دوبارہ نشست ہوگی۔انہوں نے کہا کہ نام زیادہ ہیں اور نگراں وزیراعظم ایک آدمی کو بننا ہے، مجموعی طور پر چھ نام سامنے آچکے ہیں، وزیراعظم کو نہیں پتا تھا کہ میں نے کون سے نام دینے ہیں مجھے پورا یقین ہے کہ کسی ایک نام پر اتفاق ہوجائے گا۔