انوارالحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے کا فیصلہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوارالحق کاکڑ نگران وزیراعظم ہوں گے ،وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے اتفاق کر لیا۔وزیراعظم ہائوس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات میں نام پر اتفاق کیا گیا ، وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نے دستخط کرکے ایڈوائس صدر مملکت کو بھجوا دی۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لیے 3 نام شہبازشریف اور 3 میں نے دیئے ، جن میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے انوارالحق کے نام پر اتفاق ہو گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد شہباز شریف لاہور روانہ ہو گئے۔ترجمان وزیراعظم آفس نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قائد حزب اختلاف کے مشاورتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے ، وزیراعظم نے 16 ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر بھی شکریہ ادا کیا۔