نگران وزیراعلیٰ سندھ کا تقرر: مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات آج پھر ہوگی


کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ میں نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پر مشاورت کیلئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کی ملاقات آج پھر ہوگی۔
یاد رہے کہ سندھ اسمبلی گزشتہ جمعے کو تحلیل کر دی گئی تھی جس کے بعد نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا معاملہ زیر غور ہے، گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر رعنا انصار کے درمیان مشاورت ہوئی تھی تاہم کسی نام پر اتفاق نہ ہوسکا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اگر میرے اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہوا تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا اور وہاں بھی کوئی فیصلہ نہ ہوسکا تو پھر گیند الیکشن کمیشن کے کورٹ میں چلی جائے گی۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعلیٰ سندھ کیلئے سندھ حکومت کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر جبکہ اپوزیشن کی جانب سے شعیب صدیقی، یونس ڈھاگا اور ڈاکٹر صفدرعباسی کے نام دیئے گئے ہیں۔