گزشتہ رات پولیس نے لال حویلی اور میرے بھائی بہنوں کے گھر ریڈ کیا، شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ گزشتہ رات پولیس نے لال حویلی اور میرے بھائی بہنوں کے گھر ریڈ کیا۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ پولیس گھر سے قیمتی سامان، ڈرائیور اور ملازمیں کو ساتھ لے گئی۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ پولیس لال حویلی سے کیمرے، لیپ ٹاپ اور موبائل فون بھی لے گئی، لال حویلی کے باہر سے تمام بیریئرز ہٹا دیے گئے ہیں جو سیکیورٹی وجوہات پر لگائے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر 3 خودکش حملے ہوئے ہیں، اب کوئی دہشت گردی کا واقعہ ہوا تو ذمے دار موجودہ حکمران ہوں گے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ یومِ آزادی پر لال حویلی میں 50 سال سے تقاریب ہو رہی ہیں، پولیس لاؤڈ اسپیکر، آتش بازی کا سامان اور اسٹیج اٹھا کر لے گئی، لال حویلی کے راستے بند کیے گئے تو رات 10 بجے فیصلہ کریں گے کہ آتش بازی کہاں کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم پاکستان کے شہداء، غازیوں اور ملک بنانے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، عوام تیار رہے ہو سکتا ہے یومِ آزادی کا جلسہ راجہ بازار، کمیٹی چوک یا چاندنی چوک پر ہو، ہر 3 گھنٹے کے بعد ویڈیو پیغام جاری کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جلسہ نہیں کر رہے بلکہ یومِ آزادی کی تقریب ہے، اگر کوئی مسئلہ ہے تو مجھ سے بات کریں، کوئی شخص قانون ہاتھ میں نہ لے۔