باجوڑ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک
باجوڑ(قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کر کے 4 دہشتگردوں کو ہلاک اور ایک کو گرفتار کرلیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 24 سالہ سپاہی محمد شعیب نے جام شہادت نوش کیا۔اس آپریشن سے متعلق آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ دہشتگرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث اور بے گناہ شہریوں کے قتل اور خودکش دھماکوں میں سرگرم عمل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز پاکستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔