شہباز شریف نے طنزیہ کہا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا ہیں، مریم اورنگزيب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزيب نے شہباز شریف کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جب یہ کہا تھا کہ وہ اسٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا ہیں تو وہ طنزیہ کہا تھا۔جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے آنکھ کا تارا ہونے کی بات ایک صحافی کے سوال کے جواب میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اسٹیبلشمنٹ کی آنکھ کا تارا ہونے کا کہہ کر پھر اس کی وضاحت بھی دی، انہوں نے کہا تھا کہ اگر میں آنکھ کا تارا ہوں تو مشرف دور میں جیلوں میں کیوں رہا؟
مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے کہا اگر میں آنکھ کا تارا ہوں تو اٹک قلعہ، اٹک جیل، اڈیالہ اور کوٹ لکھپت جیل میں کیوں رہا، شہباز شریف کیانی صاحب کے دور میں بھی جیل گئے اور مشرف دور میں بھی جیل گئے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ باجوہ صاحب کے دور میں تو شہباز شریف کی بیٹیاں نیب کی عدالتوں میں گھسیٹی گئیں، شہباز شریف کا نظریہ ہے کہ تمام اداروں کو ہولڈ آف گورنمنٹ کی سوچ کے ساتھ چلنا پڑے گا۔