چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا استعفی منظور کرلیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نگران وزیراعظم سینیٹر انوار الحق کاکڑ کا استعفی منظور کرلیا۔تفصیلات کے مطابق انوار الحق کاکڑ نے نگراں وزیراعظم بننے کے بعد سینیٹ کی نشست سے استعفی دے دیا تھا۔ انوار الحق کاکڑ کے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی نشست 14 اگست سے خالی قرار دے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے اتفاق کے بعد صدر مملکت نے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم منظوری دی تھی۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی حلف برداری کی تقریب آج 14 اگست کو ہوگی۔
حلف برداری کی تقریب میں سبکدوش وزیراعظم شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔ ساتھ ہی سابق حکومت کے اہم عہدیداروں اور اتحادی حکومت کے سابق وزراء، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، چیف جسٹس آف پاکستان کو دعوت نامے بھی ارسال کر دیے گئے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، چیف الیکشن کمشنر کو بھی دعوت نامے بھجوا دیے گئے۔ چاروں گورنرز اور نگران وزرائے اعلیٰ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔