نامزد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی اپنی کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) نامزد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی اپنی کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت جاری ہے۔کابینہ معاشی ماہرین،سابق بیورو کریٹس اور ٹیکنو کریٹس پر مشتمل ہو گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نگران وزیر خارجہ کیلئے جلیل عباس جیلانی مضبوط امیدوار ہے،حفیظ شیخ کو وزارتِ خزانہ اور گوہر اعجاز کو وزارتِ صنعت و پیدوار ملنے کا امکان ہے۔
ڈاکٹر شعیب سڈل کا نام وزارتِ داخلہ کیلئے زیر غور ہے،جبکہ احسن بھون،ذوالفقار چیمہ اور سرفراز بگٹی کے ناموں پر بھی غور جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق نگران کابینہ پر حتمی فیصلے کی صورت میں بعض وزراء آج ہی حلف اٹھا سکتے ہیں۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی تقریبِ حلف برداری آج 3 بجے ہو گی،صدر مملکت عارف علوی انوار الحق سے حلف لیں گے۔
ایوان صدر میں تقریبِ حلف برداری کے انتظامات مکمل کر لیے گئے،تقریب میں عسکری قیادت سمیت سیاسی شخصیات شریک ہوں گے۔یاد رہے کہ نامزد نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ کی رکنیت سے استعفٰی دے دیا ہے،انوار الحق کاکڑ نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو اپنا استعفٰی بھجوا دیا۔ ذرائع کے مطابق انوار الحق کاکڑ کی ایوان بالا کی رکنیت مارچ 2024ء تک تھی،چیئرمین سینیٹ کی جانب سے استعفٰی منظوری کا نوٹیفیکشن جلد جاری کیا جائے گا۔ انوار الحق کاکڑ نے سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے بات چیت میں سینیٹ کی رکنیت سے مستعفٰی ہونے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بی اے پی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ اب ذمہ داری ملک میں شفاف انتخابات کا انعقاد کرانے کی ہے،اس کیلئے الیکشن کمیشن سے تعاون کرنا ہے اور انہیں اپنی غیر جانبداری ثابت کرنے کا تقاضا پورا کرنا ہے اس لیے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی حلف برداری تک شہباز شریف وزیر اعظم رہیں گے۔