سبکدوش ہونے والے وزیراعظم شہبازشریف کو گارڈ آف آنر دیا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پرائم منسٹر ہاؤس اسلام آباد میں سبکدوش ہونے والے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔شہباز شریف 16 ماہ اس ملک کے وزیراعظم رہے۔سبکدوش وزیراعظم کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھانے والے انوار الحق کاکڑ نے عہدے سے سبکدوش ہونے والے محمد شہباز شریف کو وزیراعظم ہاؤس سے رخصت کیا۔یاد رہے کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے انوار الحق کاکڑ آج ملک کے آٹھویں نگراں وزیراعظم بن گئے۔
ایوان صدر میں ہونے والی پر وقار تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے انوار الحق کاکڑ سے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں سبکدوش ہونے والے وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، تینوں مسلح افواج کے سربراہ، صوبائی گورنرز بھی تقریب حلف برداری میں شریک تھے۔