نگراں حکومت، سلطان علی الانہ کو وفاقی وزیرِ خزانہ مقرر کیے جانے کا امکان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نگراں حکومت میں سلطان علی الانہ کو وفاقی وزیرِ خزانہ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکالنے میں سلطان علی الانہ کا کردار رہا ہے۔
سلطان علی الانہ نے مینجمنٹ، مکینیکل انجنیئرنگ اور مینجمنٹ ٹیکنالوجی میں تعلیم حاصل کی ہے اور انہیں پاکستان میں مائیکرو فنانس کا بانی تصور کیا جاتا ہے۔انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کے ابتدائی دور میں حکومت کے ساتھ مل کر مائیکرو فنانس کا شعبہ متعارف کرایا تھا اور وہ قرض سے چھٹکارا پانے کے لیے اصلاحات لانے کے داعی ہیں۔
سلطان علی الانہ نے کیریئر کا آغاز 1985میں سٹی بینک سے کیا اور بعد میں انہوں نے گلوبل سیکیورٹیز کے نام سے فرم بنائی اور دو بینکوں میں بھی کام کیا۔سلطان علی الانہ کو 2004 میں حبیب بینک کا صدر تعینات کیا گیا تھا۔ وہ روپے کی قدر میں کمی اور قرض ٹریپ پر مضامین لکھ چکے ہیں۔