سابقہ حکومت کی پالیسیوں میں رکاوٹ نہیں بنیں گے، مقبول باقر


کراچی(قدرت روزنامہ) نامزد نگران وزیراعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا ہے کہ جو ذمہ داریاں دی گئی ہیں انہیں خوش اسلوبی سے نبھائیں گے۔نامزد نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے چلائیں گے آج میری تقریب حلف برداری ہے جس کے بعد نگراں کابینہ پر بھی مشاورت کا سلسلہ شروع ہوگا
نگران وزیراعلی کا کہنا تھا کہ محروم طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے بیوروکریسی کو مکمل ٹھیک کرنے کا دعوی نہیں کرتا مگر اس میں عوامی خدمت کا جذبہ پیدا کرنے کی کوشش کرونگا جو موجودہ نظام ہے اسی سے کام لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ہم الیکشن کمیشن کو آئین اور قانون کے تحت معاونت فراہم کریں گے پرامن اور شفاف انتخابات کیلئے تمام تر کوششیں کریں گے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر کا کہنا تھا حلف برداری کے بعد حکومتی پالیسیوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا اگر کہیں ضرورت پڑی تو نئی پالیسیز لائیں گے اس کم عرصے میں سابقہ حکومت کی چھوڑی ہوئی پالیسیوں میں رکاوٹ نہ بننے کی کوشش کریں گے موجودہ پالیسیوں سے کام چلائیں گے۔
کراچی سے متعلق سوال پر نگراں وزیراعلی کا کہنا تھا کہ کراچی میں مسائل ہیں سوا کروڑ کی آبادی نقل مکانی کرتی ہے اس وجہ سے مسائل جنم لیتے ہیں کراچی کے مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔