ڈپٹی کمشنر کا شہریوں کی نظربندی کا حکم دینے کا اختیار بحال


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی ڈویژن بنچ نے ڈپٹی کمشنر کے کسی کو نظربند کرنے کے اختیارات سے متعلق بڑا فیصلہ سنادیا۔ہائی کورٹ راولپنڈی کے ڈویژن بنچ نے 3 ایم پی او نظر بندی کے خلاف پیشگی عدالتی اجازت کی پابندی کا سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کردیا۔
ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر کا بلااجازت نظر بندی کا حکم دینے کا قانونی اختیار بحال کردیا۔ہائی کورٹ راولپنڈی کے سنگل بنچ نے بار بار نظر بندی احکامات کے بعد کسی کو بھی نظر بند کرنے سے قبل عدلیہ سے شواہد کے ساتھ پیشگی اجازت لازم قرار دی تھی
تاہم جسٹس جواد حسن اور جسٹس مرزا وقاص رؤف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی اپیل سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے یہ فیصلہ معطل کر دیا۔سنگل بنچ کے اس فیصلہ کی معطلی سے نظر بند 57 پی ٹی آئی کارکنان کی رہائی بھی لٹک گئی ڈپٹی کمشنر کا کسی بھی شخصیت اور کارکن کو کسی بھی وقت بغیر اجازت نظر بند کرنیکا اختیار بحال ہوگیا۔
ڈویژن بنچ نے فیصلہ معطل کرکے فریقین کو نوٹس جاری کر کے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا۔ڈپٹی کمشنر کا مؤقف تھا کے بغیر وجہ بتائے نظر بندی کا آئین اور قانون اختیار دیتا ہے جسے ختم یا معطل نہیں کیا جا سکتا ۔ نظر بندی کا ڈپٹی کمشنر کا صوابدیدی اختیار ختم ہو تو اس کی افادیت اور اہمیت بھی ختم ہوجاتی ہے۔ یہ پابندی کالعدم قرار دی جائے۔