چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف سائفر گمشدگی کا مقدمہ درج
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیئرمن پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ایف آئی اے میں سائفر گمشدگی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق مقدمہ انسداد دہشت گردی ونگ میں ایف آئی اے کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں سائفر گمشدگی سے متعلق سنگین دفعات شامل کی گئیں۔
علاوہ ازیں، سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری انکوائری میں پیش ہونے کے لیے اہف آئی اے ہیڈکواٹر ہہنچ گئے۔ جوائنٹ انکوائری ٹیم نے اعظم خان کو طلب کر رکھا تھا۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل امریکی میڈیا نے عمران خان کی حکومت سے متعلق مشہور زمانہ سائفر کو افشا کیا تھا۔
امریکی ویب سائٹ دی انٹر سیپٹ نے سائفر کے متن کو شائع کرتے ہوئے خبر میں لکھا کہ اس سائفر سے چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو گرانے کے پیچھے امریکی دباؤ کارفرما نظر آتا ہے کیونکہ امریکی سفارت کار نے یہ بیان دیا تھا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو سب کچھ معاف کر دیا جائے گا۔