ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ نہیں، نگراں وزیراعظم


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ نہیں۔نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کابینہ کے پہلے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکثریت کو اقلیت کا خیال رکھنا ہوگا۔ ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں ہے۔ قدامت پسند رجحانات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔
نگراں وزیراعظم نے جڑانوالہ واقعے کے حوالے سے کہا کہ انصاف اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی کسی سے نا انصافی نہیں ہوگی۔ معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ معاشی مسائل کے حل کے لیے بہترین اقدامات کریں گے۔ نگراں حکومت کی بہترین ٹیم ہے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا۔ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے۔ مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی کوشش کریں گے۔ملکی اور غیر ملکی سطح پر کیے گئے وعدوں کو پورا کریں گے۔
انوار الحق کا کڑ نے کہا کہ پاکستان زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔رول آف آرڈر سے ہی قانون کی حکمرانی ہوگی۔علامہ اقبال اور قائد اعظم کے ویژن پر عمل کرکے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے۔