سندھ

واردات کے دوران ایک شخص کو زخمی کرنیوالا ڈاکو شہریوں کے تشدد سے ہلاک


کراچی(قدرت روزنامہ) ملیر جعفر طیار سوسائٹی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ایک شخص کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے ایک ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کر کے ہلاک کر دیا جب کہ اس کے ساتھی دوسرے ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے جعفر طیار سوسائٹی حیدری محلہ فرید موڑ کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران فائرنگ کر کے ایک شخص کو زخمی کر دیا ۔ شہریوں نے فائرنگ کر کے فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے دوران ہلاک کر دیا ۔
زخمی ہونے والے شخص اور ڈاکو کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ، جہاں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ سید فرحان ولد سید اقبال کے نام سے کی گئی جب کہ ہلاک ہونے والے تقریباً 28 سالہ ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں کی جا سکی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے فرحان کو کمر پر گولی لگی تھی، جسے جناح اسپتال سے ابتدائی طبی امداد کے بعد نجی اسپتال لے جایا گیا ہے جب کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کے پاس سے ملنے والا اسلحہ پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے۔ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تعداد کے بارے میں عینی شاہدین سے بیانات لینے کی کوششیں جاری ہیں ۔
مارے جانے والے ڈاکو سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی، جس سے اس کی شناخت کی جا سکے۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد ڈاکو کی لاش شناخت ورثا کے لیے امانت کے طور پر 3 دن کے لیے سردخانے میں رکھوا دی گئی ہے ۔

متعلقہ خبریں