پنجاب پولیس نے معروف ٹک ٹاکر جنت مرزا کو مدد کیلئے بلا لیا
لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستانی معروف ٹک ٹاکر و اداکارہ جنت مرزا کو پنجاب پولیس نے مدد کے لیے بلا لیا۔پاکستانیوں کے دلوں میں گھر کرنے والی معروف ٹک ٹاکر کی اس وقت ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اعلیٰ پولیس آفیسر کیساتھ بیٹھی ہوئی نظر آ رہی ہیں، دراصل پنجاب پولیس نے لاکھوں فالوورز رکھنے والی ٹک ٹاکر کو ایک آگاہی مہم کے لیے مدعو کیا تھا۔
اس موقع پر پنجاب پولیس کے ایس ایس پی مرزا انجم کمال نے کہا کہ ہماری عوام ہیلپ لائن 1122کو تو بہت اچھے سے جانتی ہے مگر 1124 سے لاعلم ہے تو یہی وجہ ہے کہ میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ نئی ہیلپ لائن عوام کی مدد کیلئے بنائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ہیلپ لائن کی عوام میں آگاہی کے لیے جنت مرزا کو مدعو کیا گیا ہے، اگر دوران سفر آپکی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہو جائے، پیٹرول ختم ہو جائے یا پھر کسی علاقے سے گزرتے ہوئے آپ خود کو محفوظ تصور نہ کریں تو فوراً اس ہیلپ لائن پر کال کیجیئے، پولیس اہلکار مدد کیلئے حاضر ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ جنت مرزا مذکورہ ویڈیو میں جس پولیس آفیسر کیساتھ نظر آ رہی ہیں ان کا نام مرزا انجم کمال ہے اور یہ جنت مرزا کے والد ہیں۔سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو جہاں لوگ عوامی آگاہی مہم کے حوالے سے اس اقدام کو سراہ رہے ہیں وہیں اداکارہ پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔