کامیابیوں کے باوجود میرے خاندان کو بالی وڈ میں جائز مقام نہیں ملا : دھرمیندر


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ کے نامور اداکار دھرمیندر نے کہا ہے کہ انڈسٹری میں ان کے خاندان کو متعدد کامیابیوں کے باوجودن ان کا جائز مقام نہیں مل سکا۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ ان کی فیملی اپنی تشہیر خود نہیں کرتی اور وہ یقین رکھتے ہیں کہ ان کے کام کو بولنا چاہئے، ان کے بیٹے سنی دیول انڈسٹری کی دو بلاک بسٹر کا حصہ رہے لیکن اس نے کبھی اس پر فخر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کو 1969 کی فلم ’ستیہ کام‘ پر کوئی ایوارڈ نہیں ملا جس فلم میں شرمیلا ٹیگور، اشوک کمار، سنجیو کمار بھی موجود تھے۔اداکار کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے مداحوں کی محبت کی وجہ سے انڈسٹری میں ترقی کر رہے ہیں جبکہ انڈسٹری میں ان کی خدمات کا کبھی اعتراف نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ سنی دیول کی نئی فلم ’غدر2‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے اور وہ کامیابی کے ساتھ 300 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے جبکہ اس کی پیش قدمی جاری ہے۔