کرپشن کیس میں پرویز الٰہی کا ریمانڈ منظور، 29 اگست تک نیب کے حوالے


لاہور (قدرت روزنامہ) احتساب عدالت نے سرکاری ٹھیکوں میں گھپلوں اور کک بیکس کے کیس میں 29 اگست تک پرویز الٰہی کا ریمانڈ منظور کرلیا۔دوران سماعت نیب کی جانب سے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے مزید 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جس پر احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
وکیل امجد پرویز نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی کی بار بار گرفتاری کا معاملہ لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے ۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائی کورٹ کو حکم دیا کہ 21 اگست تک کیس سن کر فیصلہ کریں ۔ لاہور ہائی کورٹ میں ابھی تک کیس سنا نہیں گیا، آج سماعت ہونی ہے ۔ عدالت مناسب وقت کے لیے اگر پرویز الٰہی کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔
جج زبیر شہزاد کیانی نے استفسار کیا کہ آپ بتا دیں کتنے دن کے لیے متفق ہیں، جس پر وکیل نے کہا کہ پیر تک اگر ریمانڈ دے دیا جائے تو کوئی اعتراض نہیں ۔ پرویز الٰہی کے ساتھ کمر کا مسئلہ بھی ہے۔ درخواست ہے کہ پرویز الٰہی کے ذاتی ڈاکٹر کو چیک اپ کی اجازت دی جائے ۔
سماعت کے دوران پرویز الٰہی روسٹرم پر آ گئے اور عدالت سے کہا کہ میں نے بھی ایک گزارش کرنی ہے۔ میرے گھٹنے سوجے ہوئے ہیں، میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے ۔ میری گزارش ہے کہ میرے پرسنل ڈاکٹر کو چیک اپ کی اجازت دی جائے ۔ فیملی کے ساتھ ایک ہفتے میں ایک ملاقات ہوتی ہے۔
بعد ازاں عدالت نے پرویز الٰہی کا 29 اگست تک جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
شاہ محمود قریشی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہیں، پرویز الٰہی کا پیغام
دریں اثنا احتساب عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ میں اور پی ٹی آئی، فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کیوں کہ فوج کی اس ملک کے لیے بڑی قربانیاں ہیں۔ میں دل کی گہرائیوں سے عدلیہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ میڈیا قانون کی حکمرانی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ تحریک انصاف اور چیئرمین پی ٹی آئی بھی ساری عدلیہ اور افواج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ اسمبلیوں کی عدم موجودگی میں ان پر ہونے والا ظلم میڈیا دکھا رہا ہے۔ شاہ محمود قریشی کا نام سائفر میں ڈالنا انتہائی افسوس کی بات ہے۔ میرا پیغام ہے وہ پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن وقت پر نہیں ہورہے، اس کے لیے عدلیہ کے پاس جائیں گے۔ چرچل نے اپنی ٹیم سے جنگ میں پوچھا کہ ملک کی عدالتیں انصاف کر رہی ہیں تو بتایا گیا کہ انصاف کر رہی ہیں، تو چرچل نے کہا کہ ہم جنگ نہیں ہاریں گے۔