سعودیہ ایران معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں مفاہمت کے دور کا آغاز ہوگیا؛ چین


ریاض (قدرت روزنامہ)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین کی ثالثی میں ہونے والے سعودی عرب اور ایران کے معاہدے سے مشرق وسطیٰ میں تناؤ کم ہوا اور مفاہمت کے لیے فضا سازگار ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو میں عالمی جوہری معاہدے کی مکمل بحالی کے لیے زور دیتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے پر اتفاق اور اس کے مؤثر نفاذ سے دنیا میں جنگ کا خطرہ ختم اور امن و استحکام آئے گا۔
وانگ یی نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورۂ سعودی عرب کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں بہتری سے مشرق وسطیٰ میں مفاہمت کی لہر چل پڑی ہے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے مشرق وسطی میں تعمیر و ترقی میں مدد جاری رکھنے کا عہد دہراتے ہوئے کہا کہ اس خطے کے ممالک کو جنگ کے بجائے مکالمے کو فروغ دینا چاہیئے، اتحاد، پڑوس ممالک سے اچھے تعلقات اور دوستی کو مضبوط کیا جائے۔
خیال رہے کہ چینی وزیرخارجہ کے اپنے ایرانی ہم منصب سے ٹیلی گفتگو اس وقت ہوئی ہے جب ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سعودی عرب کے دورے سے واپس آئے ہیں جہاں انھوں نے سعودی فرمانروا سے بھی ملاقات کی۔ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کو دورۂ سعودی عرب سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی سے متعلق لائحہ تفصیلات بھی بتائیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان 2016 سے منقطع سفارتی تعلقات بحال ہوچکے ہیں اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے یہاں سفارت خانے کھول لیے ہیں۔ یہ پیشرفت مارچ میں چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ طے پانے کے نتیجے میں ہوئی ہے۔