صدر نے اپنے سیکرٹری وقار احمد کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) صدر مملکت نے اپنے سیکرٹری وقار احمد کو عہدے سے ہٹانے کی سفارش کردی۔اس سلسلے میں ایوان صدر کی جانب سے وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو خط لکھ کر کہا گیا کہ صدرمملکت کے سیکرٹری وقار احمد کی مزید خدمات درکار نہیں۔
ایوان صدر نے گریڈ 22 کی افسر حمیرہ احمد کو صدر مملکت کی سیکرٹری مقرر کرنے کی سفارش کردی۔ایوان صدر کے مطابق کل کے واضح بیان کے پیشِ نظر ایوانِ صدر نے سیکرٹری کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کردیں۔
ایوانِ صدر نے وزیر ِاعظم کے پرنسپل سیکرٹری کے نام خط میں کہا ہے کہ صدر مملکت کے سیکرٹری وقار احمد کی خدمات کی مزید ضرورت نہیں ، لہذا اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو واپس کی جاتی ہیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کی 22 گریڈ کی افسر ، حمیرا احمد ، کو بطورصدر مملکت کی سیکرٹری تعینات کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اس وقت جڑنوالہ میں ہیں۔ ان کی واپسی پر انہیں خط سے آگاہ کیاجائے گا اور اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیاجائے گا۔ صدرمملکت کاخط وزیراعظم آفس کو موصول ہونے کے بعد کوئی رائے دی جائے گی۔
صدر مملکت کے سیکرٹری وقاراحمد کی گزشتہ سال گریڈ 22میں ترقی ہوئی تھی ۔ وہ اس سے قبل ایوان صدر میں ہی بطور ایڈیشنل سیکرٹری خدمات سرانجام دے رہے تھے اور صدر مملکت کی خواہش پر ہی انہیں ایوان صدر میں سیکرٹری تعینات کیاگیاتھا۔