بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی کا سیکرٹری اطلاعات کے آفس کا دورہ
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے منگل کے روز سیکرٹری اطلاعات کے آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکٹری اطلاعات حمزہ شفاقت اور ڈائریکٹر جنرل کامران اسد نے ان کا استقبال کیا۔ نگران صوبائی وزیر نے ملاقات کے دوران سیکرٹری اطلاعات سے بریفنگ لی اور محکمہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر ادارے کے اہلکاروں کی کارکردگی انہیں مہیا کی جانے والی سہو لیات اور ضروریات کی فراہمی سے براہ راست تعلق رکھتے ہیں بہتر اور موزوں ورکنگ ماحول کی موجودگی میں اچھے نتائج بر آمد ہونگے اس لئے موجودہ نگران حکومت اپنے فریم ورک میں رہتے ہوئے محکمے کو زیادہ سے زیادہ بہتر ورکنگ ماحول مہیاکرنے کے لئے تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت اپنے مینڈیٹ کے مطابق محکمے کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے تا ہم محکمے کے افسروں اور اہلکاروں کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور خلوص نیت سے ادا کرنا اپنا اولین نصب العین بنانا ہوگا۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات حمزہ شفاقت نے صوبائی وزیر کو محکمہ کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے بعض ضروریات کی بروقت فراہمی کی درخواست کی۔ سیکرٹری اطلاعات نے محکمہ کے مسائل اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے بعض اہم کامیابیوں اور اعلی کارکردگی کی بھی نشاندہی کی جبکہ محکمہ کو دور جدید کی تیز تر تبدیلیوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے بعض منصوبوں کا بھی ذکر کیا جن میں افسروں کی استعداد کاربڑھانے، آفس اکاموڈیشن ، ٹرانسپورٹ اور موجودہ بجٹ وغیرہ شامل ہیں۔ صوبائی نگران وزیر اطلاعات نے محکمہ کی اہمیت اور کار کردگی کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ اپنی آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے محکمے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے بھر پور جدوجہد کرینگے ۔