کہیں آپ نے تو ان میں پلاٹ نہیں خرید رکھا ؟ 185 ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کو غیر قانونی قرار دیدیا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اسلام آباد میں 185 ہاﺅسنگ سوسائٹیز اور رہائشی پراجیکٹس کو غیر قانونی قرار دیدیا ہے ، سی ڈی اے نے غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹیز کی فہرست کو اپنی ویب سائٹ پرآویزاں کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے کی جانب سے جاری کر دہ فہرست میں زون I میں 24 رہائشی پراجیکٹس اور ہاﺅسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دیا گیاہے جبکہ زون II میں 7 ہاﺅسنگ سوسائٹیز اور زون III میں 15 ہاﺅسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی ڈکلیئر کیا گیاہے ۔
سی ڈی اے کے مطابق زون IV میں 110 ہاﺅسنگ سوسائٹیاں غیر قانونی ہیں جبکہ زون V میں 29 رہائشی پراجیکٹس کو غیر قانونی قرار دیا گیاہے ۔
سی ڈی اے کے مطابق محافظ گارڈن ، روات انکلیو ، فیصل ٹاﺅن ، گریس لینڈ ہاﺅسنگ اور ایئر لائن ایونیو کی مارکیٹنگ اس طرح کی جارہی ہے کہ یہ اسلام آباد میں ہیں جبکہ یہ سکیمز اسلام آباد کی حدود میں نہیں آتیں ، نہ تو ان کی اجازت دی گئی ہے اور نہ ہی ان سکیمز کی مارکیٹنگ اور لانچنگ کیلئے این او سی حاصل کیا گیاہے ۔
سی ڈی اے نے عام شہریوں کو ان سوسائٹیز میں بکنگ کروانے سے خبردار کر دیاہے ، ادارے کی جانب سے دیگر غیر قانونی قرار دی گئی ہاﺅسنگ سوسائٹیوں میں بھی پلاٹ خریدنے سے روکا گیاہے ۔ اگر کوئی شہری پلاٹ خریدنا چاہتا ہے تو پہلے اس سوسائٹی کے بارے میں معلومات حاصل کرے ۔