عالمی برادری کو پاکستان کی قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے، آرمی چیف


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کر رہا ہے، عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 9 مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ہارورڈ یونیورسٹی، امریکا کے 38 طلباء کے ایک گروپ نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ انٹرایکٹو سیشن کے دوران آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کے مسائل اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاک فوج کے کردار پر بات کی۔
آرمی چیف نے پاکستان کی بھرپور صلاحیتوں پر روشنی ڈالی اور شرکاء پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران اپنے تجربات کی بنیاد پر پاکستان کو دیکھیں۔
آرمی چیف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مضبوط کردار ادا کر رہا ہے، عالمی برادری کو پاکستان کی جانب سے دی گئی بے پناہ قربانیوں کا ادراک کرنا چاہیے۔آرمی چیف نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے انسانی مظالم اور حقائق کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ طلباء نے بات چیت کا موقع فراہم کرنے پر آرمی چیف کی تعریف کی۔