بجلی بل، ملک کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئی، بل جلا دیے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بجلی کے بلوں میں اضافے پر شہریوں کا صبر جواب دے گیا اور ملک کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئی،راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالا اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے جن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہریوں نے احتجاجا بل جلائے اور دھرنا دیا،راولپنڈی میں مظاہرین کمیٹی چوک پر جمع ہوئے اور حکومت سے بجلی پر ٹیکسز ختم کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ گوجرانوالا میں گیپکو آفس کا گھیرا ؤکیا گیا،دوسری جانب کراچی میں بجلی کے نرخوں میں اضافے پر جماعت اسلامی اور تاجروں نے کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کیا۔
راولپنڈی میں شہریوں نے بجلی اورگیس کے بلوں کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاج کیا اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی، تاجربرادری،ٹریڈرزیونین اورعام شہری احتجاج کرنے لیاقت باغ پہنچ گئے، شہریوں نے مہنگائی اوربلوں کیخلاف پینا فلیکس آویزاں کردیے۔
احتجاج سے خطاب میں جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی کے جو بل آئے انہوں نے ہوش اڑا دیے، حکومت کے الیکٹرک کے ناجائز مطالبوں کی حمایت نہ کرے، اگر حکومت نے عوام کو تنگ کرنا نہ چھوڑا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں،احتجاج کے باعث جامع کلاتھ سے ٹاور جانے والا ٹریفک متاثر ہوا۔
بجلی کے بڑھتے بلوں کے خلاف احتجاج کی وجہ سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے دفاتر پر حملوں کے خدشہ کے پیش نظر پولیس کی نفری مانگ لی،آئیسکو نے راولپنڈی سٹی پولیس آفیسر کو خط لکھا کہ صارفین گروپس کی صورت میں آئیسکو کے مختلف دفاتر جا رہے ہیں۔
آئیسکو کے ملازمین کو ڈیوٹی سرانجام دینے میں مشکلات اور بے سکونی کا سامنا ہے،خط میں کہا گیا ہے کہ صورتحال گھمبیر ہے، امن و امان کی خرابی پیدا ہوسکتی ہے، آئیسکو کے اثاثوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، آئیسکو کے دفاتر میں پولیس کی نفری تعینات کی جائے۔ آئیسکو کی جانب سے خط ملنے پر سی پی او راولپنڈی نے آئیسکو دفاتر کیلئے 5 سو اہلکار و افسران تعینات کر دیئے، ترجمان پولیس کے مطابق ضرورت پڑنے پر آئیسکو دفاتر کی سکیورٹی کیلئے اضافی نفری بھیجی جائے گی۔