فن و ثقافت شوبز

گوری رنگت کے سبب انڈسٹری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، مومنہ اقبال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہیں اپنی گوری رنگت کے سبب انڈسٹری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔اداکارہ مومنہ اقبال نے حال ہی میں نجی ٹی وی کے نائٹ شو میں شرکت کی۔
اس دوران انہوں نے اپنے مداحوں کو خود سے متعلق مزید جاننے کا موقع دیا۔مومنہ اقبال نے بتایا کہ انہوں نے بی کام کرنے کے بعد اداکاری کے شعبے میں قدم رکھا تھا، شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کے فوراً بعد ہی خوش قسمتی سے اُنہیں مرکزی کردار کی آفر ہوئی تھی۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ کیریئر کے شروعات ہی میں مرکزی کردار آفر ہونے کی وجہ سینئر اداکاروں کی طرف سے مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا، سب کا سوال تھا کہ مجھے یہ کردار اتنی جلدی کیسے مل گئے۔مومنہ اقبال نے کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے گوری رنگت کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم اداکارہ کو رنگت سے متعلق کس قسم کی مشکل پیش آئی اس پر اُنہوں نے وضاحت دینے سے گریز کیا۔
مومنہ اقبال نے شو کے دوران شو اپنے جیون ساتھی سے متعلق بھی رائے کا اظہار کیا۔اداکارہ کا اس موضوع پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اچھے لڑکوں کا ملنا اس دنیا میں مشکل ہو گیا ہے، آج کل کے لڑکے اور لڑکیوں کی ترجیحات بدل گئی ہیں، نئی نسل کی ترجیحات فیملی اور گھر بنانا نہیں رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے جیون ساتھی کے لیے خوبصورت ہونا کافی نہیں ہوگا، اگر انسان اندر سے خوبصورت ہو تو وہ باہر سے بھی حسین دکھنے لگتا ہے، جو اللّٰہ سے ڈرتا ہوگا وہ پوری زندگی آپ کے ساتھ رہ سکتا ہے جس کو اللّٰہ کا ڈر نہیں ہے اس کو کسی کا ڈر نہیں ہوتا، ایسے افراد دوسروں کی زندگی تباہ کردیتے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال پاکستان کے متعدد ڈراموں میں کام کر چکی ہیں جن میں احسان فراموش، سمجھوتا، میرے ہم نشین اور دیگر شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں