بجلی کی بحرانی کیفیت، تیسرے روز بھی شہریوں کا احتجاج، سڑکیں بلاک


لاہور (قدرت روزنامہ)بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافے کے خلاف ملک بھر میں شہریوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، شہریوں کا حکومت سے بلوں کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ ہے۔
نیپرا کی طرف سے حال ہی میں بجلی کی قیمت بڑھانے اور اضافی ٹیکسز وصول کرنے کے خلاف گوجرانوالہ کے شہری بھی سڑکوں پر نکل آئے۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرین نے حافظ آباد روڈ کو بلاک کر دیا جس کے باعث ٹریفک جام ہوگئی۔
گوجرانوالہ کے شہریوں نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔دووسری طرف بہاولپور میں بھی بجلی کے نرخوں میں اضافے کیخلاف شہریوں کا احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے سندھ اور پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک کردی جس کی وجہ سے کراچی موڑ ہائی وی پر گاڑیوں کی دور دور تک لمبی قطاریں لگ گئیں۔
خیال رہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے آج ہنگامی اجلاس طلب کر رکھا ہے۔