حکومت نے توشہ خانہ کیس میں ہائی کورٹ احکامات کیخلاف اپیل واپس لے لی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کیس میں ہائی کورٹ احکامات کیخلاف دائر اپیل واپس لے لی۔سپریم کورٹ میں توشہ خانہ تحائف کی نیلامی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل ملک جاوید نے بتایا کہ توشہ خانہ تحائف کے حوالے سے نیا قانون توثیق کیلئے صدر پاکستان کے پاس ہے۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ قانون بے شک نیا بن جائے ہائی کورٹ کا فیصلہ اپنی جگہ برقرار رہے گا، ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ توشہ خانہ تحائف عوامی ملکیت ہیں، عوامی ملکیت کے حامل تحائف کی نیلامی میں ہر شخص حصہ لے سکتا ہے، تحائف عوامی ملکیت ہیں تو ایسا ممکن نہیں کہ صرف مخصوص افراد ہی خرید سکیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے بھی کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق درست ہے، سب سے زیادہ بولی دینے والا ہی تحفہ خریدنے کا حقدار ہوسکتا ہے۔
وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کیس میں ہائی کورٹ احکامات کیخلاف دائر اپیل واپس لے لی۔ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ توشہ خانہ نئے رولز کی روشنی میں اپیل واپس لینا چاہتے ہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ رولز پر نہ جائیں توشہ خانہ پر پہلے ہی بہت شرمندگی ہوچکی ہے، رولز کی بات کرینگے تو سوال اٹھائیں گے کہ کس قانون کے تحت قواعد بنائے ہیں، قواعد کی بات رہنے دیں اپیل واپس لے رہے ہیں تو ایسے ہی لیں۔