نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری
کراچی(قدرت روزنامہ) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دیکر بے حد خوشی اور سکون کا احساس ہو رہا ہے انہوں نے کہا کہ بابائے قوم کو صیح معنوں میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہمیں دل و جان سے پاکستان سے محبت اور خدمت کا جزبہ پیدا کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ اپنے قائد پر پاکستانی قوم کو فخر ہے اور وہ ان کی میراث کو کبھی فراموش نہیں کرے گی نگران وزیراعلیٰ نے مزار قائد میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے
اس موقع پر موجود میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کے حالیہ دورہ کوئٹہ کے حوالے سے کہا کہ ایسا کوئی وزیراعظم نہیں ہے کہ جو تین دن اور تین راتیں صوبائی دارالحکومت میں رہا ہو اور صوبے کی تعمیر و ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیےمسلسل اجلاس جاری رکھے ہوں
انہوں نے کہا کہ نگران حکومتوں کا کام پرامن ماحول میں صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد ہے اور جیسے ہی الیکشن کمیشن انتخابات کا اعلان کرے گا تو اس کے مطابق ہم بھی اپنی ذمہ داری نبھائیں گے ہمارے صوبے کا اہم مسئلہ امن و امان برقرار رکھنا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ بہتر امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور جاری ترقیاتی اسکیمات کو جلد اور بروقت مکمل کیا جا سکے جن سے عوام کے ریلیف مل سکے۔