‘مالکان کے وحشیانہ تشدد سے بیٹی کی 2 ہڈیاں ٹوٹ گئیں، سر کے بال کاٹ دیئے’، گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک اور کیس سامنے آ گیا


راولپنڈی (قدرت روزنامہ) اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بھی گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک اور کیس سامنے آ گیا۔ والد نے الزام لگایا کہ مالکان کے وحشیانہ تشدد سے بیٹی کی 2 ہڈیاں ٹوٹ گئیں، سر کے بال کاٹ دیئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کےمطابق راولپنڈی کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے گھر میں کام کرنیوالی بچی پر تشدد کا مقدمہ درج کر لیا گیا، تھانہ روات پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جس کا کہنا ہے کہ میری بیٹی کے سر کے بال کاٹے گئے، حبس بے جا میں رکھا گیا۔ 25 اور 26 اگست کی رات مالکن اور اس کے شوہر نے میری بیٹی پر وحشیانہ تشدد کیا جس سے اس کی کہنی کی 2 ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔
والد نے بتایا کہ تشدد کے سبب میری بیٹی کے سر پر زخم کے نشانات پائے گئے۔ بیٹی مالکن کے گھر سے بھاگ کر خانپور کنورہ کی بجائے خانپور ڈیم پہنچ گئی۔