شنوائی نہ ہوئی تو فوج سے ریٹائرڈ والد کو ملنے والے میڈلز نیلام کردوں گا، مستونگ کے رہائشی کا انتباہ
کوئٹہ (قدرت روزنامہ) مستونگ کے رہائشی خیر بخش نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ میرے والد صوبیدار محمد بخش جوکہ برطانوی فوج میں بھرتی ہوئے اور بعد میں پاکستانی فوج سے ریٹائرڈ ہوئے تو ان کی پنشن 50 روپے مقرر کی گئی۔ وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ اور اعلیٰ حکام سے ملنے کے باوجود میرے مسئلے کے حل کے لئے کوئی شنوائی نہیں ہوئی اگر یہی روش برقرا رہی تو میں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے خود سوزی کرنے پر مجبور ہوں گا۔
یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میںپریس کانفرنس کے دوران کہی انہوں نے کہا کہ میرا والد 1938ءمیں برطانوی فوج میں بھرتی اور 1966ءمیں پاکستانی فوج سے ریٹائرڈ ہوا اس کی پنشن 50 روپے مقرر ہوئی میرے والد کی وفات کے بعد میں اور میرے اہلخانہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں
میرے والد کو برطانوی اور پاکستانی فوج سے میڈل ملا لیکن وزیر اعلیٰ بلوچستان ، وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر اعظم پاکستان سے ملنے گیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی پھر میں افواج پاکستان سے بھی ملا لیکن تا حال میرے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا گیا میں مجبوری کے عالم میں آج میڈیا کے سامنے کہتا ہوں میں ان میڈلز کو سرعام نیلام کروں گا بصورت حکومت میری مد دکریں ورنہ میں اپنے بچوں کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے خود سوزی کروں گا جس سے حالات کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔