پاکستان کو مودی کا ہندوستان نہیں بننے دینگے: نگران وزیر مذہبی امور

کراچی(قدرت روزنامہ) نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ کچھ لوگ پاکستان کا خوبصورت چہرہ تباہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم خوبصورت ریاست پاکستان کو مودی کا ہندوستان نہیں بننے دیں گے . جامعہ بنوریہ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انیق احمد کا کہنا تھا کہ آج ملک کے حالات پریشان کن ہیں، ہمیں بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں ثقافتی مسائل درپیش ہیں، علمائے کرام اور طلبہ نے قوم کو مایوسی سے نکالنا ہے .

انہوں نے کہا کہ مدارس اہم کام کر رہے ہیں، ہمیں ان پر ناز ہے، انہی مدارس نے دینی علم کو محفوظ کر رکھا ہے، سپین میں اگر مدارس قائم ہو جاتے وہ سلوک نہ ہوتا جو آج ہوا، 100 سال بعد ہم نہیں ہوں گے لیکن قرآن سے رہنمائی کی روشنی ملتی رہے گی . نگران وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں کچھ خارجی چیلنجز کا بھی سامنا ہے، ہمیں آئے کچھ ہی دن ہوئے تھے کہ 16 اگست کو جڑانوالہ کا واقعہ ہو جاتا ہے، کچھ لوگ پاکستان کا خوبصورت چہرہ تباہ کرنا چاہتے ہیں، اس خوبصورت ریاست کومودی کا ہندوستان نہیں بننے دیں گے . انیق احمد نے مزید کہا کہ علمائے کرام دنیا کو بتائیں ہم پرامن ملک ہیں، دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں، یہ 23 کروڑ عوام کی بھی ذمہ داری ہے، نظریاتی سرحدوں کی ذمہ داری بھی ہم سب پر ہے، ہم نے پاکستان کے جید علماء کو دعوت دی ہے، ان سے معیشت سمیت دیگر اہم مضامین پر بات ہوگی . . .

متعلقہ خبریں