سراج الحق کا آئی پی پیز سے معاہدوں کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان


لاہور(قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے انڈیپینڈینٹ پاور پروڈیوسرز (نجی بجلی گھروں) سے معاہدوں کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔
سراج الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہفتے کو عوام نے پرامن احتجاج کرکے بتایا کہ ہم آئی ایم یف کے معاہدوں کو تسلیم نہیں کرتے، سازش کی گئی کہ پاکستان ترقی نہ کرے اور یہاں ڈیم نہ بنیں، پھر مصنوعی معاہدوں کے ذریعے پاکستان کو اندھیروں میں دھکیلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کے کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، عوام کی جیبوں پہ ڈاکہ پڑ رہا ہے، پانچ دریاؤں کی موجودگی میں مہنگی بجلی خرید رہے ہیں، حکومت بجلی نوے روپے فی یونٹ کرنے جارہی ہے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ افسوس یہ ہے کہ نگران وزیراعظم نے مہنگائی اور بجلی بلوں کو نان ایشو کہا، انہیں آئے مہینہ پورا نہیں ہوا اور پٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کیا، ان کی کھوپڑیوں میں کیسا دماغ ہے کہ گھر کا آمدن سے زیادہ بل آرہا ہے، بل مسلسل آتا رہے گا اس میں اضافہ ہوتا رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں وزیراعظم سے کہوں گا مہنگی بجلی حکومت خریدتی ہے تو حکومت کی غلطی ہے بوجھ عوام پہ کیوں ڈالتے ہیں، حکومت کا کنٹرول ختم ہوچکا اور معیشت کے تمام بریک فیل ہوگئے ہیں، پاکستان میں پٹرول ڈیزل مافیا ہے ، سب مل کر لوٹتے ہیں۔