پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر7 فیصد کمی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں سالانہ بنیادوں پر7 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔
اوسی اے سی اورانڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اوراگست میں ملک میں 2.76 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت ریکارڈکی گئی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 7 فیصدکم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں 2.97 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت ریکارڈکی گئی تھی۔
اگست میں ملک میں 1.41 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جو گزشتہ سال اگست کے مقابلہ میں 8 فیصدکم ہے۔گزشتہ سال اگست میں ملک میں 1.53 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔
جولائی کے مقابلہ میں اگست میں ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں ماہانہ بنیادوں پر4 فیصدکااضافہ ہوا،جولائی میں ملک میں 1.35 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈکی گئی جواگست میں بڑھ کر1.41 ملین ٹن ہوگئی۔
اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں ملک میں پیٹرول کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر8 فیصد اورہائی سپیڈ ڈیزل کی فروخت میں 11 فیصدکااضافہ ہوا ،اس کے برعکس فرنس آئل کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر61 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی۔