ذکا اشرف کا جے شاہ سے رابطہ، ایشیا کپ کے بقیہ مچیز پاکستان میں کرانے کی تجویز
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سری لنکا میں جاری طوفانی بارشوں کے باعث چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے ایشیا کپ کے بقیہ میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ذکا اشرف اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ ذکا اشرف نے جے شاہ سے سری لنکا میں بارش سے متاثر ہونے والے پاکستان اور بھارت کے میچ پر بات چیت کی۔
اس موقع پر چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے ایشیا کپ کے بقیہ میچز پاکستان میں کروانے کی تجویز دے دی۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں مزید بارشوں کا امکان ہے لہذا آنے والے دنوں کیلئے سری لنکا میں موسم کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کے پاک بھارت میچز دبئی میں بھی کھیلے جاسکتے ہیں۔ ایشیا کپ ایک بڑا ٹورنامنٹ ہے، بارش کی وجہ سے اس کو متاثر نہ کیا جائے۔
اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے جواب میں صورتحال پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ خیال رہے کہ پاک بھارت میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہونے کے بعد اب بھارت اور نیپال کے میچ کے دوران بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔