میرا ’مولا جٹ‘ میں ماہرہ خان کا کردار کیوں ادا کرنا چاہتی تھیں؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں اداکارہ ماہر خان کا کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔میرا جی نے کچھ عرصہ قبل اپنے ایک بیان میں فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں ماہرہ خان کو کاسٹ کرنے پر تنقید کی تھی۔
اُنہوں نے حال ہی میں جیو ٹی وی کے شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے ماہرہ خان کو فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں کاسٹ کیے جانے کے بارے میں دیے اپنے بیان پر وضاحت دی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے ماہرہ خان کے انتخاب پر مخالفت صرف ان کی پنجابی میں روانی نہ ہونے کی وجہ سے کی کیونکہ اس سے وہ کردار جو اُنہوں نے فلم میں ادا کیا وہ متاثر ہوسکتا تھا۔ میرا جی نے اس کردار کو ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے خود اس کردار کی ایک جھلک بھی پیش کرکے دکھائی کہ اگر وہ ماہرہ خان کی جگہ مکھو جٹی کا کردار ادا کرتیں تو کیسے کرتیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے بلاک بسٹر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں مکھو جٹی کا کردار نبھایا اور پنجابی زبان پر عبور حاصل نہ ہونے کی وجہ سے اُن کو مداحوں کی جانب سے ملا جلا سا ردِعمل دیکھنے کو ملا۔