کراچی(قدرت روزنامہ) مشہور ٹی وی ہوسٹ عامر لیاقت مرحوم کی سابق پہلی بیوی بشری اقبال نے طلاق اور ان کی وصیت کیا تھی بتا دیا . ایک انٹرویو میں ٹی وی میزبان اور ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے انکشاف کیا کہ عامر لیاقت نے پوسٹمارٹم نہ کروانے کی وصیت کی تھی .
بشریٰ اقبال کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت نے اپنی زندگی میں متعدد بار یہ کہا کہ اگر انہیں کچھ ہوجائے تو پوسٹ مارٹم نہ کروایا جائے . عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم نہ کروانے کی وجہ سے مجھے اور بچوں کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تاہم جو کچھ کیا مرحوم کی وصیت کے مطابق کیا .
عامرلیاقت کی سابق اہلیہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کے اور عامر لیاقت کے درمیان کوئی ایسا مسئلہ نہیں تھا جو طلاق کا سبب بنتا . میں اور عامر لیاقت دونوں طلاق نہیں چاہتے تھے لیکن ان کی سابق دوسری بیوی طوبی انور نے طلاق دینے کے لیے عامر لیاقت کو مجبور کیا .
انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت اپنے بچوں سے ملتے تھے اور آخری وقت تک اپنے بچوں دعا عامر اور احمد کے ساتھ رابطے میں تھے . یہ بات طوبیٰ انور کو پسند نہیں تھی اور وہ مسلسل عامر لیاقت پر اس سلسلے میں دباؤ ڈالتی تھیں .