بجلی کا ٹیرف عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکا، سینیٹ کمیٹی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے فوری طور چیئرمین نیپرا کو طلب کر لیا۔سینیٹر سیف اللّٰہ ابڑو کی زیر صدارت سینیٹ کی پاور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں حالیہ بجلی کے بلوں میں اضافے پر غور کیا گیا۔
سیکرٹری پاور اور چیئرمین نیپرا کی عدم شرکت پر کمیٹی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور چیئرمین نیپرا کو طلب کر لیا۔
چیئرمین کمیٹی اور دیگر ارکان نے کہا کہ ٹیرف عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکا ، نیپرا چیئرمین کیوں غیر سنجیدگی دکھا رہے ہیں، اس وقت بجلی بلز میں اضافے کیخلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، ملک سول نافرمانی کی طرف جارہا ہے نیپرا اور پاور ڈویژن غیر سنجیدگی دکھا رہے ہیں۔
سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ آج پورا ملک ایک بحران میں مبتلا ہے۔ سینیٹر فدا محمد نے پوچھا کہ کے الیکٹرک کا سی ای او کہاں ہے؟کے الیکٹرک کے حکام نے بتایا کہ بجلی بلز میں اضافے کے بعد کے ای تنصیبات پر حملے ہو رہے ہیں، ہمارے انفراسٹرکچر کی حفاظت پر آج کراچی میں اجلاس ہو رہا ہے، اس لیے سی او نہیں آئے۔
چئرمین کمیٹی سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ اگر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی عزت کے ساتھ آنا چاہتا ہے تو ایک موقعہ اور دے دیتے ہیں، سارا دن وہ گورنر ٹیسوری کے ساتھ ہوتا ہے جو خود کچھ بھی نہیں ہے۔